کوئٹہ۔ 15 اپریل (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی حاجی ملک شاہ گورگیج سے انجمن تاجران کیچ کے ایک وفد نے چیئرمین انجمن تاجران حاجی نثار احمد جوسکی کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین ضلع کونسل کیچ میر ہوتمان بلوچ بھی شریک تھے وفد میں انجمن تاجران مکران کے صدر اسحاق روشن دشتی، انجمن تاجران تربت کے جنرل سیکرٹری اعجاز احمد جوسکی، سابق صدر حاجی کریم بخش، حاجی فدا احمد شیر اور دیگر نمائندگان شامل تھے وفد نے رکن قومی اسمبلی کو ضلع کیچ خصوصاً تربت اور گردونواح کے تاجروں کو درپیش سنگین مسائل سے تفصیلاً آگاہ کیا۔
ان مسائل میں بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ، سرحدی تجارت میں حائل رکاوٹیں، کاروباری سرگرمیوں کو لاحق مشکلات اور دیگر اہم معاملات شامل تھے۔حاجی ملک شاہ گورگیج نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ تاجروں کے مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ان کے فوری حل کے لیے وفاقی و صوبائی سطح پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے انہوں نے سرحدی تجارت کو سہل بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور بارڈر فورسز کے ساتھ قریبی رابطے کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ باہمی مشاورت سے درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا
تاکہ تجارتی سرگرمیاں مزید بہتر اور فعال ہوں رکن قومی اسمبلی نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ عوامی سہولیات میں اضافہ اور تجارتی ماحول کی بہتری کے لیے وہ ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔