اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عوام سےکہا ہے کہ پنجاب کےضمنی انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالتےہوئے عمران نیازی کی حکومت کےپونے 4سالہ سیاہ دورکی کرپشن،نا اہلی،معاشی تباہی،مافیہ کی سہولت کاری و سرپرستی اورتبدیلی کےنام پر برپا کی گئی تباہی کےبارے ضرور سوچئے گا،پاکستان پی ٹی آئی کےدور میں اپنی منزل سےدور ہوگیا،اس کا اظہار آپ نےاپنے ووٹ سےکرناہے۔
اتوار کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کو پونے4 سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا،عوام کا ووٹ ہی اس کی طاقت ہے،وہ اس طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کومسترد کردیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایک شخص کی انا،اندازِ سیاست اور نااہلی نےہمارے معاشرےکے حسن کو تہ و بالا کرکے رکھ دیا ہے،اپنا ووٹ قومی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئےڈالیں،مجھے آپ کی قوتِ انتخاب پر پورا بھروسہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پونے4 سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا، شہریوں کو مفت ادویات اور طلبہ کو وظائف سےمحروم کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دور میں سرکاری آسامیوں اورتبادلوں کی کھلےعام خرید و فروخت کی گئی، شہری سہولیات کی حالت ابتر اور لاقانونیت عروج پررہی۔ا نہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں پنجاب کی جو حالت کی گئی وہ صوبے کےلوگوں کی توہین سےکم نہیں۔