عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ڈیرہ غازی خان میں مفت آٹا تقسیم مرکز پر گفتگو

198
عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ڈیرہ غازی خان میں مفت آٹا تقسیم مرکز پر گفتگو

ڈیرہ غازی خان۔12اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو مشکل حالات اور چیلنجز کا سامنا ہے، عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، اتحادی حکومت ملک کو مشکلات سے نکالے گی، ملک کو حقیقی معنوں میں قائد اور اقبال کے خوابوں کا پاکستان بنائیں گے۔

بدھ کو ڈیرہ غازی خان میں مفت آٹا تقسیم مرکز کے دورہ موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ محسن نقوی اور صوبائی حکومت کی نگرانی میں مفت آٹے کی تقسیم جاری ہے، ملک کو مشکل حالات اور چیلنجز کا سامنا ہے، اتحادی حکومت اپنے قائد میاں نواز شریف کی رہنمائی میں مل کر ان مشکلات پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ رمضان المبارک میں مفت آٹے کی تقسیم کا بڑا پیکیج دیا گیا ہے، پہلے مجھے بھی تحفظات تھے لیکن یہ کام خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہا ہے، رمضان المبارک ختم ہونے کے بعد دکانوں پر سستے آٹے کی فراہمی پر غور کیا جائے گا، عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور بحالی ہمارا اولین فرض ہے جس کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اقدامات کر رہی ہیں، اس بہترین سلسلہ کو کامیاب کرائیں، آٹے کی مفت فراہمی کیلئے بہترین انتظامات پر چیف سیکرٹری پنجاب، راجن پور، لیہ، مظفرگڑھ اور ڈیرہ غازی خان کی انتظامیہ کے اقدامات قابل تحسین ہیں،

ﷲ تعالیٰ ہمیں اور ہمت دے کہ ہم پاکستان کے عوام کی خدمت کریں، آٹے کے حصول میں صبر و تحمل اور برداشت سے کام لیں اور امن و امان برقرار رکھیں، خواتین، بزرگوں، بیمار اور خصوصی افراد کو پہلی ترجیح دی جانی چاہئے، ہم ملک کو حقیقی معنوں میں قائد اور اقبال کے خوابوں کا پاکستان کا بنائیں گے۔