عید الاضحٰی پر مثالی صفائی سی ڈی اے کے افسران و عملے کی شبانہ روز محنت اور شہریوں کے تعاون کا نتیجہ ہے، آپریشن میں حصہ لینے والے ملازمین کو ایک بنیادی تنخواہ بطور انعام دی جائے گی ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

36
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عید الاضحٰی پر وفاقی دارالحکومت میں مثالی صفائی سی ڈی اے کے افسران اور عملے کی شبانہ روز محنت اور شہریوں کے تعاون کا نتیجہ ہے، زیرو ویسٹ آپریشن میں حصہ لینے والے ملازمین کے لئے ایک بنیادی تنخواہ بطور انعام دینے اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے سینیٹری ورکرز کو 15 ہزار روپے فی کس دینے کا اعلان کرتا ہوں، ہم سب نے مل کر اسلام آباد کو بین الاقوامی معیار کا شہر بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے کے عیدالاضحٰی کے موقع پر فرائض سر انجام دینے والے سینٹری ورکرز کے اعزاز میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔

وزیرداخلہ نے دن رات محنت سے فرائض سرانجام دینے پر سینٹری ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور فیلڈ ٹیموں کو بھی مبارکباد دی جنہوں نے عید کی تعطیلات کے دوران دن رات اس آپریشن کی نگرانی کی۔ وزیرداخلہ نے زیرو ویسٹ آپریشن میں حصہ لینے والے ملازمین کے لئے ایک بنیادی تنخواہ اور یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے ورکرز کو 15 ہزار روپے فی کس بطور انعام د ینے کا اعلان کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ 3 روز میں اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں سے 2400 ٹن آلائشیں و ویسٹ کو اٹھایا گیا، پہلی بار ڈرون کیمروں سے صفائی آپریشن کی نگرانی کی گئی، 2500 ورکرز اور 250 گاڑیوں نے زیرو ویسٹ آپریشن میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحٰی کے موقع پر اسلام آباد میں زیرو ویسٹ آپریشن پر شہریوں نے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کا اطمینان سی ڈی اے کی کارکردگی کا برملا اعتراف ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں کا بھی شکریہ جنہوں نے صفائی کے حوالے سے فیلڈ ٹیموں سے پورا تعاون کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ افسران سے لے کر ملازمین تک سب نے ایک ٹیم بن کر ڈلیور کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سی ڈی اے، ایم سی آئی ، ضلعی انتظامیہ، اسلام آباد پولیس، سیف سٹی اور ٹریفک پولیس نے شبانہ روز کام کیا، تمام محکموں نے ہم آہنگی کے ساتھ کام کیا اور ادارہ جاتی تفریق سے ہٹ کر صرف عوامی خدمت کو ترجیح دی جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مؤثر مانیٹرنگ پر سیف سٹی ٹیم کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد شہر کو اپنا سمجھ کر اس کو صاف ستھرا اور سر سبز رکھنا ہے، ہم سب نے مل کر اسلام آباد کو بین الاقوامی معیار کا شہر بنانا ہے۔ چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور فیلڈ ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن، ڈی جی سیف سٹی اور متعلقہ افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔