غزہ میں گیس سلنڈر حاصل کرنے والے شہریوں کی دو کلومیٹر طویل قطاریں

Gaza

غزہ۔27نومبر (اے پی پی):اسرائیل کی طر ف غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل کی اجازت دینےکے بعدایک فلنگ سٹیشن پر گیس سلنڈر حاصل کرنے والے شہریوں کی قطاریں دو کلومیٹر تک طویل ہو گئی ہیں ۔

الجزیرہ کے مطابق یہ بات فلسطین میں اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے تحت کام کرنے والے ادارے ( یو این او سی ایچ اے ) کی طرف سے جاری بیان میں کہی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ لوگ کھانا پکانے کے لئے گیس کے سلنڈر دوبارہ بھروانے کے لیے دو کلومیٹر تک طویل قطاروں میں رات بھرسے کھڑے ہیں۔یہ لائنیں جنوبی غزہ کے خان یونس میں ایک فلنگ سٹیشن کے باہر اس وقت لگیں جب اسرائیل نے 7 اکتوبر کے بعد پہلی بار غزہ میں کھانا پکانے والی گیس سمیت امدادی سامان داخل ہونے کی اجازت دی ۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لوگوں کی بڑی تعداد کے پاس گیس اور دیگر ضروری اشیاء خریدنے کے لئے بہت کم رقم ہے اور بعض لوگ مبینہ طور پر کھانا پکانے کے لیے دروازے اور کھڑکیوں کے فریم کو جلا رہے ہیں۔