غزہ کے لیے امداد کی ترسیل اور بجلی کی سپلائی منقطع کرنے کا اسرائیلی فیصلہ ایک نئے انسانی بحران کو جنم دے گا،جرمنی

140

برلن۔11مارچ (اے پی پی):جرمنی نے کہا ہے کہ غزہ کے لیے امداد کی ترسیل روکنے کا اقدام اورغزہ کو بجلی کی سپلائی منقطع کرنے کا اسرائیلی فیصلہ فلسطینی سرزمین میں ایک نئے انسانی بحران کو جنم دے گا ۔ ڈی ڈبلیو کے مطابق جرمن وزارت خارجہ کی ترجمان کیتھرین ڈیشاؤر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس امدادی ترسیل کو روکنے سے خوراک کی قلت کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کی جانب سے غزہ کے لیے بجلی کی بندش اور پانی کی سپلائی کو روکنے کے اقدام کو بڑی تشویش کے ساتھ دیکھتے ہیں اس لئے اس طرح کے تمام اقدامات ناقابل قبول ہیں کیونکہ یہ بین الاقوامی قانون کے تحت اسرائیلی ذمہ داریوں سے بھی متصادم ہیں۔

انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر فراہم کی جانے والی امداد پر لگائی گئی پابندیاں واپس لے۔