غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف کراچی میں بڑا کریک ڈائون کیا جائے گا، گورنر سندھ

120
Kamran Khan Tesori

کراچی۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نےکہا ہے کہ مولانا بشیر فاروقی جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، ان کی قیادت میں سیلانی کے کارنامے بے مثال ہیں، مشکل معاشی حالات کے باوجود سیلانی اور دوسرے فلاحی اداروں کے جذبہ اور کاموں کو دیکھتا ہوں تو میرا حوصلہ بڑھ جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو میں سیلانی آئی ٹی ڈیواتھن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا

،ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہاں موجود نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، پاکستان کا اصل چہرہ قلم ہے، پاکستان کی خوشحالی کے لئے جو بھی کام کرے گا اس کے ساتھ ہوں، ہم پاکستان سمیت دیگر ملکوں کو چلانے والے لوگ تھے ، چند لوگوں کی بدولت ہمارا ملک معاشی بدحالی کا شکار ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ اپنی تعیناتی کے بعد عوام کے لئے گورنر ہائو س کے دروازے کھول دئیے گئے، آئی ٹی کورسز کے 50 ہزار طالبعلموں کے لئے 24 ہزار اسکوائر فٹ کی مارکی تعمیر مکمل ہونے کو ہے، طالبعلموں کے لئے واش رومز ،ویٹنگ ایریا اور کینٹین بھی بنائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب کو ایک کام کرنا ہے ایک قوم بن کر رہنا ہے، سب کچھ کرلیا اب ملک کے لئے کچھ کرنے کی باری ہے، بعدازاں گورنر سندھ نے طالب علموں میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے ملاقات ہوئی ، غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف کراچی میں بڑا کریک ڈائون کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال پر بھی کام ہورہا ہے، پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے کام کرتے رہیں گے

، انہوں نے کہا کہ ایک طرف زیادتی ہورہی ہے تو دوسری طرف ازالہ بھی ہورہا ہے، ڈالر کی قیمت میں 2سے 3ماہ میں استحکام آیا ہے ، جس سے روپے کی قدر میں مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمگلنگ کی روک تھا م کے اقدامات عملی طور پر نظر آئے ۔ گورنر سندھ نے فلسطینیوں پر کی جانے والی بربریت کے حوالے سے کہا کہ اسرائیلی فوج کو جنگ لڑنی ہے تو سرحدوں پر لڑیں ، نہتے فلسطینیوں کو ظلم کا نشانہ نہیں بنا نا چاہیے۔