غیر وابستہ تحریک کی سربراہی سطح کے رابطہ گروپ کا اجلاس آذربائیجان میں شروع ہوگیا، سردار ایاز صادق پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں

282

باکو۔2مارچ (اے پی پی): غیر وابستہ ممالک کی تحریک این اے ایم کے سربراہی سطح کے رابطہ گروپ کا اجلاس آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں شروع ہوگیا، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق کررہے ہیں۔ غیر وابستہ تحریک کے رکن ممالک کے رابطہ گروپ کے آفٹر کووڈ اثرات کا جائزہ لینے کے لئے ہونے والے اجلاس کی صدارت آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کی۔ غیر وابستہ ممالک کی تحریک کی صدارت اس وقت آذربائیجان کے پاس ہے جسے کچھ عرصہ قبل رکن ممالک نے متفقہ فیصلے کے بعد سال رواں کے آخر تک توسیع دی تھی۔

قبل ازیں اکتوبر 2019 میں باکو سربراہی اجلاس میں آذربائیجان نے 2019 سے 2022 کی مدت کے لئے نے تحریک کی صدارت سنبھالی تھی۔ کانفرنس میں مختلف ملکوں سمیت اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں کے نمائندے اور غیر وابستہ تحریک کے رکن ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود بھی شریک ہیں۔ پاکستان غیر وابستہ ممالک کی تحریک کا ایک اہم اور فعال رکن ہے اور اس نے مختلف سیاسی، قانونی، معاشی اور سماجی مسائل پر تحریک کے موقف کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ غیر وابستہ ممالک کی تحریک کا قیام 1961 میں عمل میں آیا تھا اور اس کے اغراض و مقاصد میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کا دفاع، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق پرامن طریقوں سے تمام بین الاقوامی تنازعات کو حل کرنا تھا۔

غیر وابستہ تحریک نے اپنی تشکیل کے بعد عالمی سیاست میں ایک ایسا آزاد راستہ بنانے کی کوشش کی جس کا بنیادی مقصد یہ رہا ہے کہ رکن ممالک بڑی طاقتوں کے درمیان لڑائیوں میں حصہ دار نہ بن جائیں ۔ اس اہم عالمی تنظیم کے بنیادی اصولوں میں ایک دوسرے کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا باہمی احترام، باہمی عدم جارحیت، ایک دوسرے کے معاملات میں عدم مداخلت کے علاوہ مساوات و باہمی فائدہ اور پرامن بقائے باہمی شامل ہے۔

غیر وابستہ تحریک جس کے ارکان کی تعداد 120 ہے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے بعد دوسری بڑی بین الاقوامی تنظیم ہے۔اسے نوآبادیاتی نظام کے خاتمے اور افریقہ، ایشیا، لاطینی امریکا اور دنیا کے دیگر خطوں کے لوگوں کی آزادی کی جدوجہد اور سرد جنگ کے عروج کے دوران بنایا گیا تھا۔ 1955 میں بنڈونگ انڈونیشیا میں منعقدہ بنڈونگ ایشیائی افریقی کانفرنس کا غیر وابستہ تحریک کی تشکیل میں بنیادی کردار ہے۔ اس کانفرنس میں ان اصولوں کا اعلان کیا گیا جو بڑی اور چھوٹی قوموں کے درمیان تعلقات کو کنٹرول کریں گے۔

بنڈونگ کانفرنس کے اصولوں میں بنیادی انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کا احترام، تمام اقوام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام، تمام نسلوں کے درمیان مساوات اور تمام قوموں کے درمیان برابری، دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہر قوم کے اپنے دفاع کے حق کا احترام، انفرادی طور پر یا اجتماعی طور پر، کسی بھی بڑی طاقت کے مخصوص مفادات کے لیے اجتماعی دفاعی معاہدوں کا استعمال نہ کرنا، کسی بھی ملک کی طرف سے دوسرے ممالک کے خلاف دباؤ کا استعمال نہ کرنا، جارحیت کو انجام دینے یا دھمکی دینے سے، یا کسی بھی ملک کی علاقائی سالمیت یا سیاسی آزادی کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کرنا، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام بین الاقوامی تنازعات کا پرامن حل، باہمی مفادات اور تعاون کو فروغ دینا، انصاف اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احترام شامل تھا۔ 1960 میں بنڈونگ کانفرنس کے نتائج کی روشنی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پندرہویں عام سیشن کے دوران غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے قیام کی طرف فیصلہ کن پیش رفت ہوئ جس کے نتیجے میں 17 نئے افریقی اور ایشیائی ممالک کو اس میں شامل کیا گیا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ غیر وابستہ تحریک نے آذربائیجان کی چیئرمین شپ کو متفقہ فیصلے سے 2023 کے آخر تک مزید ایک سال کے لیے بڑھا دیا تھا۔ آذربائیجان نے مئی 2020 میں سربراہان مملکت اور حکومت کی سطح پر آن لائن سربراہی اجلاس کا انعقاد کیا۔ سربراہی اجلاس نے ڈیٹا بیس تیار کرنے کے لیے نان الائنڈ موومنٹ ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا۔ اس ڈیٹا بیس کو عالمی ادارہ صحت نے وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے غیر وابستہ تحریک کے رکن ممالک کی ضروریات کی نشاندہی کے لیے ایک حوالہ کے طور پر استعمال کیا تھا۔

اس آن لائن سربراہی اجلاس کے دوران تحریک کے چیئر کے طور پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس ریاست اور حکومت کے سربراہان کی سطح پر کووڈ ۔19 کی عالمگیر وبا کے جواب میں بلانے کی تجویز دی۔ اس تجویز کی اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور اقوام متحدہ نے حمایت کی تھی۔ جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس دسمبر 2020 میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے 70 سے زائد سربراہان مملکت اور حکومت نےخطاب کیا۔آذربائیجان کے صدر نے کووڈ۔ 19 سے بحالی پر اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل کے قیام کی تجویز پیش کی ہے تاکہ عالمگیر وبا کے بعد کے دور کے لیے عالمی اقدامات کے بارے میں تفصیلی سفارشات پیش کی جائیں۔