دبئی۔14اپریل (اے پی پی):قومی ٹیم کے کھلاڑیوں فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی نے آئی سی سی رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین پوزیشن حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کی تازہ ترین رینکنگ جاری کی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ قومی کھلاڑیوں نے اپنی رینکنگ میں بھی نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز فخر زمان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ریکارڈ ساز پرفارمنس کے بعد کیریئر کی بہترین 7ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
فخر زمان جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل 19 ویں نمبر پر موجود تھے، جنوبی افریقہ کے خلاف یادگار بیٹنگ کرتے ہوئے انہوں نے 12 درجے ترقی حاصل کی۔ فاسٹ بائولر شاہین آفریدی نے4 درجے ترقی پاکر 11ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ اسی طرح محمد رضوان24 درجے ترقی کے بعد 23ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ محمد نواز 28ویں پوزیشن، حسن علی62 ویں پوزیشن اور عثمان قادر 68 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=248362