فرانس کے سائیکل سوار وکٹر لافےنے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا دوسرا مرحلہ جیت لیا

167

میڈرڈ۔3جولائی (اے پی پی): فرانس کے سائیکل سوار وکٹر لافے نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا دوسرا مرحلہ جیت لیا۔ سپین سے ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کے 110 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوچکا ہے۔ جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے دوسرے مرحلے میں سائیکل سواروں نےسپین میں ویٹوریا گیسٹیز سے سان سیباسٹین تک کا 209 کلو میٹر فاصلہ طے کرنا تھا۔27 سالہ فرانسیسی سائیکل سوار وکٹر لافے نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 209 کلومیٹر کا فاصلہ 4 گھنٹے 46منٹ اور 39 سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

بیلجیم کے سائیکلسٹ واؤٹ وین ایرٹ نے دوسری جبکہ سلوانین سائیکل سوار تڈیج پوگاآر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ برطانوی سائیکلسٹ ایڈم رچرڈ یٹس کا یلو جرسی پر قبضہ برقرار ہے ۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہوگی جس میں سائیکل سوار 3406کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں ہیں ۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 24 روز جاری رہنے کے بعد 23 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں ٹیم جمبو ویزما کے ڈینش سائیکل سوار جوناس ونجیگارڈ راسموسن اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہیں ۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پہلا ایڈیشن پہلی مرتبہ 1903میں ہوا جو فرانسیسی سائیکل سوار مورس فرانسس گارین نے جیتا تھا۔