پیرس۔ 28 مئی (اے پی پی) نوویک جوکووچ، ڈومنک تھیم، روبرٹو باٹسٹا ایگٹ، جان مارٹن ڈیل پوٹرو، الیگزینڈر زیوریف، ٹیلر فرٹز، فابیو فوگنینی اور ڈاسن لاجووچ فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سال کے دوسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن مینز سنگلز دوسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئے۔ منگل کو فرانس میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز پہلے راﺅنڈ میچز میں سٹار سربین کھلاڑی اور عالمی نمبر ایک جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولینڈ کے ہوبرٹ ہرکاز کو 6-4، 6-2 اور 6-2 سے ہرا کر دوسرے راﺅنڈ کیلئے کوالیفائی کیا، آسٹرین کھلاڑی ڈومنک تھیم نے امریکن کھلاڑی ٹومی پال کو سخت مقابلے کے بعد 6-4، 4-6، 7-6 اور 6-2 سے زیر کر کے پہلا مرحلہ عبور کیا، اسپینش کھلاڑی باٹسٹا ایگٹ نے امریکہ کے سٹیو جانسن کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، ارجنٹائنی کھلاڑی ڈیل پوٹرو بھی پہلی آزمائش میں کامیاب رہے، انہوں نے نیکولاس جیری کو شکست فاش سے دوچار کیا، جرمن کھلاڑی الیگزینڈر زیوریف نے جان ملمین کو ہرا کر دوسرے راﺅنڈ میں جگہ بنائی، اٹالین کھلاڑی فابیو فوگنینی نے ہم وطن کھلاڑی اینڈرس سیپی کو ہرا کر دوسرے راﺅنڈ تک رسائی حاصل کی، امریکہ کے ٹیلر فرٹز نے برناڈ ٹامک اور ڈاسن لاجووچ نے مونٹیرو کو ہرا کر دوسرے راﺅنڈ میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔