فرنچ اوپن ٹینس ویمنز سنگلز،آئیگا نتالیہ سوئیٹک اور بیٹریز حداد مایا سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

ATP Finals
ATP Finals

پیرس۔8جون (اے پی پی):پولینڈ کی ٹینس سٹار عالمی نمبر ایک ، میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈاور دفاعی چیمپئن آئیگا سوئیٹک اور برازیلین ٹینس کھلاڑی بیٹریز حداد مایا اپنی فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے فرنچ اوپن ٹینس کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔آئیگا سوئیٹک نے کوارٹر فائنل میں حریف امریکی کھلاڑی کوکو گف کو شکست دی۔برازیلین ٹینس کھلاڑی بیٹریز حداد مایا نے کوارٹر فائنل میں تیونس کی اونس جبیور کو شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

کوارٹر فائنل میں فتح کے بعد بیٹریزحداد مایا 1968 کے بعد کسی گرینڈ سلام کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی برازیلی خاتون بن گئیں ہیں۔ سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہے ۔ میگا ایونٹ کے ویمن سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈاور دفاعی چیمپئن آئیگا سوئیٹک نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف امریکی کھلاڑی کوکو گف کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 2-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کےسیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

ٹورنامنٹ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں حریف تیونس کی اونس جبیور کو 6-3، 6-7(5-7) اور 1-6 سے شکست دے کر ٹاپ فور رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ میگا ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں پائولش دفاعی چیمپئن آئیگا سوئیٹک کامقابلہ برازیلین ٹینس کھلاڑی بیٹریز حداد مایا سے ہوگا۔دفاعی چیمپئن آئیگا سوئیٹک کو اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لئے مزید دو فتوحات کی ضرورت ہے۔