پیرس۔8جون (اے پی پی):رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین نوویک جوکووچ ، ہسپانوی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار کارلوس الکاراز ،ناروے کے کیسپر رڈ اورجرمنی کے الیگزینڈر زویروف اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے ۔
نوویک جوکووچ اپنے 23 گرینڈ سلام ٹائٹل کے حصول کے لئے دو کامیابیوں کی دوری پر ہیں اور اگر وہ مزید دو فتوحات حاصل کر لیتے ہیں تو وہ ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار رافیل نڈال کے آل ٹائم ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے،اس کے علاوہ اگر وہ اس مقصد میں کامیابی پاتے ہیں تو وہ سال کے چاروں گرینڈ سلام تین بار جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ 20 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز 2007 میں نوویک جوکووچ کے بعد سے سب سے کم عمر فرنچ اوپن مینز سیمی فائنلسٹ بن گئے ہیں ۔
سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں۔ 36سالہ نوویک جوکووچ نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف کو شکست دی ، 20 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک کارلوس الکاراز نے ٹاپ ایٹ میچ میں یونانی حریف کھلاڑی سٹیفانوس کو ہرا کر ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کیا،
تیسرے کوارٹر فائنل میں ناروے کے کیسپررڈ نے ڈنمارک کے ہولگر رونے کو پچھاڑ دیا اور چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں جرمن الیگزینڈر زویروف نے ارجنٹائن کے ٹامس مارٹن ایچیوری کو شکست دے کر ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کرلیا۔میگا ایونٹ کے سیمی فائنل رائونڈ میں سربین سٹار نوویک جوکووچ کا مقابلہ ہسپانوی کارلوس الکاراز جبکہ ناروے کے کیسپر رڈ کا مقابلہ جرمنی کے الیگزینڈر زویروف سے ہوگا۔