ریاض۔ 22 ستمبر (اے پی پی)سعودی عرب میں فضائی مسافروں کی تعداد ریکارڈ 100 ملین تک پہنچ گئی۔ مملکت کے مختلف شہروں میں28ایئر پورٹ موجود ہیں۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پچھلے چند سالوں کے دوران کئی قومی فضائی کمپنیوں کو لائسنس دیئے گئے، اب یہ تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ فضائی ٹریفک کے اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ 1975ءمیں مسافروں کی تعداد 3.31 ملین تک محدود تھی۔1985ءمیں یہ تعداد 22ملین تک پہنچ گئی جبکہ 1995ءمیں مسافروں کی تعداد بڑھ کر 36.91 ملین ہوگئی۔2015 ءمیں مسافروں کی تعداد81.86 تک پہنچی پھر 2018 ءمیں یہ تعداد ریکارڈ100 ملین تک ہو گئی ہے۔ اس سے قبل جاری سول ایوی ایشن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس 2018ء کے دوران سعودی عرب کے مختلف ایئر پورٹس سے771828پروازیں چلائی گئیں۔مسافروں کی آمدو رفت کے حوالے سے متحدہ عرب امارات سٹیشن پہلے جبکہ مصر دوسرے نمبر پر تھا۔ پاکستان تیسرے ،انڈیا چوتھے اور ترکی پانچویں نمبر پر رہا۔