سرگودھا ۔11جون (اے پی پی):فنانس کمیٹی نے تعلیمی بورڈ سرگودہا کے مالی سال 24۔2023 کیلئے ایک ارب 71 کروڑ 51 لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے جس میں اخراجات کا تخمینہ ایک ارب 64 کروڑ 50لاکھ روپے لگایا گیاہے، تنخواہوں کیلئے 53 کروڑ 60 لاکھ روپے اور ترقیاتی پروگرامز کیلئے 52 کروڑ 89 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ فنانس کمیٹی کا اجلاس کمشنر /چیئرمین محمد اجمل بھٹی کی زیر صدارت منعقدہ ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری ڈاکٹر محسن عباس، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن،ممبر سیکرٹری فنانس محمد ناظم، ممبر ایچ ای سی عامر محمود، آڈٹ آفیسر سرگودہا خالقداد،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا محمد شاہد اور انچارج آئی ٹی منصور ارشد ڈوگر نے شرکت کی۔بجٹ میں بورڈ کے ذرائع آمدنیوں کی مد میں ایک ارب 21کروڑ روپے تجویز کئے گئے ہیں جبکہ 52 کروڑ 89 لاکھ روپے کے نئے تعمیراتی منصوبے بھی تجویز کئے گئے ہیں جن میں بورڈ دفتر میں نیا بلاک بنانے، جمنزیم کمپلیکس اور ای لائبریری برائے ڈیجیٹل سیمینار تجویز کئے گئے ہیں۔
محمد اجمل بھٹی نے بورڈ افسران اور ملازمین کی سرکاری رہائشوں کی مرمت کیلئے فنڈز بڑھانے، سپورٹس سرگرمیوں کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہونہار طلباء کے معطل وظائف کے منصوبے کو بحال کرنے، 20 بڑے سرکاری سکولوں کے گراؤنڈ کی تزئین وآرائش اور ادبی سرگرمیوں کو بڑھانے کے علاوہ بورڈ افسران اور ملازمین کی ٹریننگ کیلئے بھی بجٹ میں فنڈز رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے بورڈ کی تمام برانچوں میں پیپر لیس پالیسی اپنانے کیلئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے تمام برانچوں کیلئے الگ الگ بجٹ بنانے کی تجویز پر عمل درآمد کیلئے ا یک جائزہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ کمشنر نے تمام نجی سکولوں او رکالجز میں سپورٹس سرگرمیوں کی ایس او پیز کے تحت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے از سر نو جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں ادارہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے دیگر امور بھی زیر بحث لائے گئے۔