فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے فعال اقدامات کیے جا رہے ہیں، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ بلوچستان

55

کوئٹہ۔ 02 جولائی (اے پی پی):بلوچستان آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کے امور کا جائزہ لینے کے لیے پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ بابر خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری ثقافت سہیل الرحمٰن اور سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے خصوصی شرکت کی، جبکہ مختلف شعبہ ہائے فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے اسٹیک ہولڈرز بھی شریک ہوئے۔ بلوچستان کے فنکاروں کو درپیش مسائل، آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کی موجودہ تقسیم، طریقہ کار اور کرائیٹیریا کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر شرکاء نے آرٹسٹ انڈومنٹ فنڈ کے تحت قائم بلوچستان آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کی تقسیم میں شفافیت یقینی بنانے اور حقیقی مستحقین کی نشاندہی کے لیے پالیسی میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔پرنسپل سیکرٹری بابر خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کو بارآور بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی کو فنکاروں کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات مرتب کی جائیں گی ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سیکرٹری ثقافت کی سربراہی میں ابتدائی پالیسی ڈرافٹ تیار کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے تاکہ اس پر مزید مشاورت اور حتمی منظوری ممکن ہو سکے۔