فیصل آباد۔ 22 اپریل (اے پی پی):فوڈ اتھارٹی فیصل آباد کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے رحمان سٹی فیصل آباد میں سپائسز یونٹ پر چھاپہ مار کر 600کلو جعلی کالی مرچ،200کلو سفید مرچ، 500کلو پلاسٹر آف پیرس، گڑ اور میدہ برآمد کر کے مشین ضبط کر لی اور ملزم کو گرفتارکرلیا۔ فوڈ اتھارٹی فیصل آباد کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے حکم پر مصدقہ اطلاع ملنے پر مذکورہ کارروائی کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے رحمان سٹی میں سپائسز یونٹ پر چھاپہ مارا جہاں جعلی کالی اور سفید مرچ تیار کرنے والی مکسنگ مشین برآمد کر لی گئی۔ یونٹ میں پلاسڑ آف پیرس،کھلے رنگ،مصنوعی فلیورز سے مضر صحت مرچ تیار کی جا رہی تھی جبکہ یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیاں بھی پائی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ تیار جعلی اور مضر صحت کالی مرچ کو جعلی پیکنگ لگا کر مارکیٹ میں سپلائی کیا جانا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کیمیکلز اور کھلے رنگوں سے بنی جعلی اشیاکا استعمال انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد موجود جعلساز مافیا کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش میں جعلسازی اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کے مرتکب عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ جعلسازی کا مکروہ کاروبار کرنے پر ملزم کے خلاف 4 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585741