فیسکو نےعید الفطر کی تعطیلات کے دوران صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا

Fesco
Fesco

فیصل آباد۔ 13 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کی طرف سے ریجن بھر میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایاگیا۔ فیسکوکے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان طاہر شیخ نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹوفیسکوانجینئرمحمد عامر کی ہدایات پر عید الفطر کی تعطیلات میں صارفین کو بجلی کی مسلسل ترسیل کی مانیٹرنگ کیلئے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں خصوصی مانیٹرنگ ڈیسک بنایاگیا تھا جبکہ صارفین کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جس کی نگرانی چیف ایگزیکٹو فیسکونے خود کی۔

انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے مختلف اعلیٰ افسران نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران لوڈ مینجمنٹ،ایل ٹی/ایچ ٹی بریک ڈاؤن اورکسٹمر کمپلینٹ کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال اور بجلی کے تعطل کی صورت میں فوری بحالی کے کام کو مانیٹرکیااور فیسکو چیف کوتمام آپریشن سے مسلسل اپ ڈیٹ رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ایمرجنسی یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آپریشن سٹاف کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں جبکہ آپریشن سٹاف کو ٹرانسفارمر ٹرالیاں اور اضافی آلات و سامان بھی مہیا کیاگیا تھا تاکہ خراب ٹرانسفارمر یا کسی بھی آلات کو فوری طور پر تبدیل کرکے بجلی کی روانی برقرار رکھی جاسکے۔فیسکو ہیڈکوارٹر میں قائم خصوصی مانیٹرنگ ڈیسک میں عملہ 24 گھنٹے متحرک رہا جبکہ عید کی تعطیلات کے دوران فیسکوریجن میں بارشوں کے باوجود عملہ نے فوری رسپانس کرتے ہوئے فالٹس درست کر کے فیڈرز کو چلایا اورصارفین کو بہترین سروسز فراہم کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے مرکزی مانیٹرنگ سیل کے علاوہ آفیشل فیس بک پیج پر بھی صارفین کی انفرادی شکایات کے نتیجے میں ان کا فوری ازالہ کیاگیا جبکہ صارفین کی سہولت کیلئے فیسکو کے چھ آپریشن سرکلز میں قائم کمپلینٹ سنٹرزنے بھی عید کی تعطیلات کے دوران صارفین کو بھرپور سروسز فراہم کیں اور کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں فوری ریسپانس کرتے ہوئے خرابی کو دورکرکے بجلی کی سپلائی بحال کی نیز عید الفطرکے پرمسرت موقع پرصارفین کی خوشیوں کو دوبالاکرنے کیلئے شہری علاقوں کے علاوہ دوردراز کے دیہاتی علاقوں میں بھی بجلی کی بلا تعطل سپلائی جاری رکھی۔

انہوں نے بتایا کہ فیسکو کی خصوصی ٹیموں نے عید کے تیسرے روز بارش کی وجہ سے فیسکو ریجن میں 50کے قریب ٹریپ ہونے والے فیڈرز کی فوری بحالی کا کام سرانجام دیا اورفیلڈدفاتر صارفین بجلی کی انفرادی شکایات کا بھی فوری طور پر ازالہ کیا گیا۔