فیصل آباد۔ 10 مارچ (اے پی پی):فیصل آباد سمیت ملک بھر میں گردوں کے امراض کے باوجود بہتر انداز میں جینا کے تھیم کے تحت امراض گردہ کا عالمی دن 13 مارچ کو منایا جا ئے گا ۔ اس موقع پرعالمی ادارہ صحت، محکمہ صحت پنجاب، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، قومی ادارہ برائے امراض گردہ، پاکستان سوسائٹی آف نیفرالوجی، اسلامک میڈیکل سوسائٹی، یورالوجی ڈیپارٹمنٹس اور شعبہ طب سے متعلقہ دیگر تنظیموں کے اشتراک سے تمام شہروں میں خصوصی تقریبات، واکس، سیمینارز، کانفرنسز، مذاکروں اورمباحثوں کا انعقاد کیا جا ئے گا جن سے ملک کے نامور نیفرالوجسٹس،یورالوجسٹس، ماہرین امراض گردہ اور پروفیسر ڈاکٹرز خطاب کریں گے۔
اس موقع پر ملک میں گردوں کے بڑھتے ہوئے امراض کی وجوہات، ابتدائی علامات، تشخیص، علاج، پرہیز، تدارکی اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی جا ئے گی۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارہ صحت کے چارٹرکے مطابق ورلڈ کڈنی ڈے ہر سال مارچ کے دوسرے جمعرات کوپاکستان سمیت اقوام متحدہ کے 170رکن ممالک میں منایا جاتاہے جس کا مقصد گردہ کے بڑھتے ہوئے امراض کی روک تھام اور گردوں کی خرابی کی وجوہات کے بارے میں عوام میں آگاہی پیداکرنا ہے۔
عالمی دن برائے امراض گردہ کے موقع پر عوامی شعور بیدار کرنے کےلئے الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرام نشر جبکہ پرنٹ میڈیا بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کرے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570717