فیصل آباد،کاشتکاروں کوگندم کی جلد کاشت یقینی بنانے کی ہدایت

120

فیصل آباد ۔ 01 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نےکاشتکاروں کوگندم کی جلد کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈائریکٹر خالد محمودنے کہاکہ دسمبر میں سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث گندم کا اگاؤ متاثر ہو سکتاہے لہٰذا کاشتکار گندم کی جلد کاشت یقینی بنائیں اور شرح بیج کابھی خاص خیال رکھیں کیونکہ مقررہ وقت کے بعدشرح بیج 60کلوگرام فی ایکڑ سے کم نہیں ہونی چاہیے نیز شرح بیج کم رکھنے سے گندم کی فصل متاثر ہو سکتی ہے اور اسے جڑی بوٹیوں سے بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اس لئے کاشتکار گندم کی مختلف بیماریوں کانگیاری، کرنال بنٹ اور اکھیڑا وغیرہ کے تدارک کے لئے بیج کو بوائی سے پہلے زرعی ماہرین کے مشورےے زہر لگائیں اور اس کے بعد بیج کو کاشت کیاجائے۔ انہوں نے کاشتکار گندم کی منظور شدہ ترقی دادہ اقسام سفارش کردہ وقت کے مطابق کاشت کریں نیز بیج کے اگاؤ کی شرح 85 فیصد سے کم نہ ہو بصورت دیگر شرح بیج میں اضافہ کر لیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ اکبر19،اناج17،اجالا16،مرکز19،فخر بھکر،غازی19،بورلاگ16،پاکستان13،زنکول 16،گولڈ16،بھکرسٹار،فتح جنگ16،احسان16، بارانی17وغیرہ اور دیگر عام سفارش کردہ اقسام فیصل آباد2008،لاثانی2008، آری 2011، آس 2011، ملت 2011، پنجاب 2011، این اے آر سی 2011اور سحر 2006 وغیرہ کاشت کرکے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پچھیتی کاشت کی صورت میں شرح بیج میں اضافہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے بیج کے اگاؤ میں تاخیر ہو جاتی ہے،پوداشگوفے کم بناتاہے اور سٹے چھوٹے رہ جاتے ہیں جبکہ پیداوارمیں بنیادی شاخوں کا حصہ زیادہ ہوتا ہے لہٰذا بیج کی مقدار ایک حد تک بڑھانے سے بنیادی شاخوں میں اضافہ ہو گا جو پیداوار میں اضافے کا سبب بنے گا۔ مزید برآں شرح بیج میں مذکورہ اضافہ جڑی بوٹیوں کے کنٹرول کےلئے بھی معاون ثابت ہوگا ۔