فیصل آباد،کاشتکاروں کو سورج مکھی کی کٹائی و ذخیرہ کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ہدایت

Sunflower
Sunflower

فیصل آباد۔ 18 اپریل (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو سورج مکھی کی کٹائی، گہائی اور ذخیرہ کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ جب سورج مکھی کے پھولوں کی پشت کا رنگ سبز سے سنہری ہونے اور پھولوں کی زرد پتیاں بھوری ہونے لگیں تو سمجھ لیں کہ فصل برداشت کرنے کے لئے تیار ہوگئی ہے تاہم مشینی برداشت کے لئے فصل کو تھوڑا سا زیادہ پکنے دیا جائے تو بہتر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے کٹائی کی صورت میں سورج مکھی کے پھولوں کو کاٹ کر 2سے 3دن تک دھوپ میں پھیلا دیں اور تھریشر سے گہائی کریں جبکہ بہتر قیمت حاصل کرنے یا ذخیرہ کرنے کے لئے سورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کریں اور ان میں نمی کی مقدار 8فیصد اور کچرا 2فیصد سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے،اسی طرح بیج کو اچھی طرح صاف کر کے سٹور کر لیں۔انہوں نے کہا کہ کسان اس بارے مزید معلومات و رہنمائی کے لئے محکمہ کی ہیلپ لائن 0800-17000پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔