فیصل آباد،گندم کی ربیع کاشت کے لیے منظور شدہ اقسام اور کاشت کا شیڈول جاری

301
Wheat Cultivation

فیصل آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی ربیع کاشت کے لیے منظور شدہ اقسام اور کاشت کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار بہتر پیداوار کے حصو ل کے لیے منظور شدہ اقسام کے صاف ، صحت مند، بیماریوں سے پاک بیج کی کاشت کو ترجیح دیں نیز بیج کے اگاؤ کی شرح بھی 85 فیصد سے کم نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تما م آبپاش علاقوں میں سحر 2006یکم نومبر سے 15 دسمبر تک کاشت کی جا سکتی ہے لیکن چونکہ مذکورہ قسم میں قوت مدافعت دیگر اقسام کی نسبت کچھ حد تک کم ہوتی ہے لہٰذا اسے زیادہ بارش والے علاقوں میں کم رقبہ پر کاشت کیاجاتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ آبپاش علاقو ں میں شفق 2006، فرید 2006،معراج 2008 وغیرہ کو 10 نومبر سے 15 دسمبر تک، لاثانی 2008، فیصل آباد 2008، آری 2011، پنجاب 2011، ملت 2011 وغیرہ کو یکم نومبر سے 10دسمبر تک، پنجاب کی کلر والی زمینوں میں پاسبان 90 کو 25 اکتوبر سے15 نومبر تک اور این اے آر سی کو پنجاب کے تمام آبپاش علاقوں میں یکم سے 15 نومبر تک کاشت کیاجاسکتاہے۔

انہوں نے مزید بتایاکہ گندم کی بہتر فصل کے لیے کاشت کے موزوں ترین وقت کو ہمیشہ مد نظر رکھناچاہیے کیونکہ مقررہ وقت کے بعد کاشت کی صورت میں ہر روز تقریباً ایک فیصد کے حساب سے 15 سے20کلو گرام فی ایکڑ پیداوار میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے جس سے کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتاہے۔