فیصل آباد۔ 19 جنوری (اے پی پی):دیسی مرغی کے انڈوں کی قیمت فیصل ۱ٓباد کی تاریخ کی بلند ترین شرح پر پہنچ گئی ہے اور گزشتہ روز پولٹری ایگ مارکیٹ میں دیسی انڈے750 سے 800 روپے فی درجن تک فروخت ہوتے رہے جبکہ دیسی مرغ کے گوشت کی قیمت بھی 1500سے 1700روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئی اور زندہ دیسی مرغ1100 سے1200 روپے فی کلو گرام میں فروخت ہوتا رہا تاہم گولڈن، مصری، چینی مرغیوں کا گوشت 900سے 1000روپے فی کلو اور برائلر مرغی کا گوشت590سے640روپے فی کلو تک فروخت ہوتا رہا۔
جمعہ کے روز پولٹری مارکیٹ فیصل آباد کے سروے کے دوران یہ بات مشاہدے میں آئی کہ پولٹری مافیا کی جانب سے کسی قسم کے چیک اینڈ بیلنس کی عدم موجودگی اور پولٹری مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر پولٹری ایسوسی ایشن کو مقررکرنے کی اجازت کی فراہمی کے باعث مسلسل ناجائز منافع خوری کا رجحان جاری ہے مگر شہریوں کو بلیک مارکیٹنگ سے بچانے کیلئے کوئی اقدامات نہ کئے جارہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دیسی مرغی کا گوشت بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔مزید برآں مچھلی فروخت کرنے والے دوکانداران نے بھی دیگر شعبہ جات کو دیکھتے ہوئے ایک مافیا کی شکل اختیار کرلی ہے اور چونکہ پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے مچھلی کے نرخ مقرر نہ کئے جاتے ہیں لہٰذا مچھلی فروخت کرنے والے دوکانداران نے بھی گاہکوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا بازارگرم کررکھاہے اور ایک ہی قسم کی مچھلی کے کئی کئی نرخ وصول کئے جارہے ہیں۔
جمعہ کے روز مچھلی مارکیٹ میں بڑے سائز کی سنگھاڑی مچھلی 1600 سے 2000روپے فی کلو، چھوٹے سائز کی مچھلی 1400سے 1500 روپے فی کلو، سول مچھلی 1800سے2200روپے فی کلو، رہو مچھلی 750 سے1000روپے فی کلو گرام فروخت کی گئی۔دریں اثنا شہریوں نے ارباب اختیار سے پولٹری مصنوعات اور مچھلی کے نرخوں کے تعین کے ضمن میں ضروری اقدامات کا مطالبہ کیاہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=431241