فیصل آبادمیں ادبی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے وال آف فیم کی تعمیرکا اعلان

141
Punjab Council of Arts

صل آباد۔ 11 جنوری (اے پی پی):فیصل آبادمیں ادبی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اکیڈمی آف آرٹ اینڈ کلچرکے قیام اور شہر کی ممتاز شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے وال آف فیم کی تعمیر کا اعلان کردیا گیا۔

فیصل آباد ڈویژن کی پنجاب کونسل آف آرٹس کے بورڈ آف مینجمنٹ کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے بورڈ کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کی جامع تہذیبی و ثقافتی ترقی کے لیے پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن کا بورڈ آف مینجمنٹ تمام ممکنہ اقدامات کے ساتھ ساتھ ادبی بیٹھک کو بھی فعال بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے تاریخی ورثہ کو پوری دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے شاعر، ادیب، قلم کار اور فنونِ لطیفہ سے جڑے ہوئے لوگ ہی دراصل اس شہر کا قیمتی سماجی، معاشرتی، ثقافتی اور تمدنی اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبودان کی اولین ترجیح ہو گی۔

ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ اکیڈمی آف آرٹ اینڈ کلچر فنون لطیفہ کے فروغ کے ساتھ ساتھ اس شعبہ سے وابستہ مقامی نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی بھی کرے گی جبکہ آرٹ کی کلاسوں اور ادبی بیٹھک کو مزید متحرک اور فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹھک کو معروف برانڈ سے منسوب کرنے اور آرٹ کونسل کے زیر اہتمام آگاہی سیمینارز منعقد کرنے کے علاوہ نوجوانو ں، خواتین اور بچوں کیلئے خصوصی طور پر موٹیویشنل ٹاکس کا بندوبست کیا جائے گا۔ ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ آرٹ کونسل کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اس کی وسیع پیمانے پر سوشل میڈیا پر تشہیر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی اور ثقافتی تنظیموں کو بورڈ کی میٹنگ میں مدعو کیا جائے تاکہ اِن کی سرپرستی اور مالی مدد بھی حاصل کی جا سکے۔ اجلاس میں فنکاروں کی خدمات کے اعتراف کیلئے سالانہ تقریب منعقد کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل نے آرٹس کونسل کی مجوزہ ثقافتی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور دیگر ممبران کی اس حوالے سے تجاویز لیں۔انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کی کارکردگی پر مبنی ہر تین ماہ کا نیوز لیٹر اور رپورٹ بھی شائع کی جائے گی۔ڈاکٹر جعفر مبارک نے ضرورتمند فنکاروں کی مالی امداد کیلئے ڈنر اور میوزیکل کنسرٹ کی تجویز پیش کی۔دیگر ممبران میں ڈائریکٹر تعلقات عامہ خورشید جیلانی، ڈاکٹر جعفر حسن مبارک معروف سفر نامہ نگار، سماجی شخصیت، عباد علی (گلوکار)، پروفیسر تہمینہ افضل، احمد نیازی (معروف ڈرامہ نگار)اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شامل تھے۔ممبران کمیٹی نے تواتر سے اجلاسوں کے انعقاد اور آرٹس کونسل انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی بھرپور تائید کی۔