34.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومعلاقائی خبریںفیصل آباد میں ای پاسپورٹ کی سہولت کا آغاز کردیا گیا۔آصف صدیق

فیصل آباد میں ای پاسپورٹ کی سہولت کا آغاز کردیا گیا۔آصف صدیق

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 27 اگست (اے پی پی):ریجنل پاسپورٹ آفس فیصل آباد میں ای پاسپورٹ کی سہولت کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ یہ بات ریجنل پاسپورٹ آفس کے انچارج محمد آصف صدیق نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ای پاسپورٹ میں بائیومیٹرک ڈیٹا اور ڈیجیٹل دستخط سمیت جدید ترین سکیورٹی فیچرز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای پاسپورٹ کے اجرا سے بیرون ملک سفر کرنےوالے شہریوں خصوصاً اوور سیز پاکستانیوں کو سہولت ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ دو روز قبل فیصل آباد آفس سے پہلا ای پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے جس کے بعد سے یہ سلسلہ باقاعدگی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے آن لائن پاسپورٹ سسٹم بھی شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت شہری اپنے پاسپورٹ کی تجدید آن لائن کروا سکتے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ ویب پورٹل کے ذریعے شہری اپنی درخواست جمع کروانے کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات بھی اپ لوڈ کرسکیں گے جبکہ انہیں اپنی درخواست کی پیش رفت کو ٹریک کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے جہاں شہریوں کو سہولت ملے گی وہاں پاسپورٹ دفاتر میں رش بھی کم ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ریجنل آفس میں 300۔افراد کی گنجائش ہے جبکہ روزانہ 700 – 800 کے قریب درخواست گزار پاسپورٹ کے حصول کیلئے رجوع کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاسپورٹ کے حصول کیلئے درخواست دینے والوں میں زیادہ تعداد نوجوان طالبعلموں کی ہے جو اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کی سہولت کیلئے فیصل آباد میں ایک ایگزیکٹو آفس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ تحصیل کی سطح پر عوام کی سہولت کیلئے سمندری، تاندلیانوالہ اور جڑانوالہ میں نادرا دفاتر میں پاسپورٹ پراسیسنگ کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی پاسپورٹ کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں تاکہ عوام کو ان کے گھروں کے نزدیک ہی پاسپورٹ کے حصول کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ پاسپورٹ آفس میں شہریوں کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹاؤٹ مافیا کا مکمل خاتمہ کردیا گیا ہے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ کسی ٹاؤٹ کے جھانسے میں آنے کی بجائے پاسپورٹ آفس رجوع کریں جہاں انہیں ایک منظم اور مربوط طریقہ کار کے تحت پاسپورٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383179

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں