فیصل آباد۔ 21 اپریل (اے پی پی):کمشنر مریم خان نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلا کر فیصل آباد ڈویژن میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔ڈسٹرکٹ فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم27،اپریل جبکہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ میں 25، اپریل تک جاری رہے گی۔ڈویژن میں 10 ہزار 803 ٹیموں کو 29 لاکھ 13 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف دیا گیا ہے۔
کمشنر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ پولیو فری پاکستان کیلئے والدین کا تعاون ناگزیر ہے۔والدین بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے ویکسین کے دو قطرے پلائیں۔پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹ اڈوں،ریلوے اسٹیشنوں سمیت عوامی مقامات پر بھی پولیو کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ڈویژن میں پولیو سے متاثرہ کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کیلئے جامع پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز و محکمہ صحت کے دیگر افسران ہمراہ تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585140