فیصل آ باد،کاشتکاروں کو گندم کی کاشت 30نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

Wheat

فیصل آ باد۔ 23 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گندم کی کاشت 30نومبر تک مکمل کرنے اورسفارش کردہ کھادوں کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمود نے کہاکہ نائٹروجنی کھادکا دو یا تین برابر اقساط میں استعمال کریں تاکہ اچھی پیداوار حاصل کی جا سکے اور زمین اگلی فصل کے لئے وقت پر دستیاب ہو۔انہوں نے آبپاش علاقوں میں کمزور زمین کے لئے 2بوری ڈی اے پی،2بوری یوریا،ایک بوری ایم او پی یا ایس او پی استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہاکہ آبپاش علاقوں کے کسان گندم کی بوائی کے وقت فاسفورس اور پوٹاش کی پوری مقدار اور نائٹروجن کی ایک تہائی مقدار استعمال کریں جبکہ زنک سلفیٹ 33فیصد بحساب 6کلو گرام اور بورک ایسڈ 17فیصد اڑھائی کلو گرام فی ایکڑ کے حساب سے ڈالی جائے۔انہوں نے کہاکہ اگر زنک پچھلی فصل میں استعمال ہو ئی ہو تو پھر گندم کے لئے اس کا استعمال نہ کریں۔

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی زمین کا تجزیہ لازمی کروائیں اور اس کے مطابق کھادوں کا متناسب استعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ کسان 30نومبر تک شرح بیج 40سے 50کلو گرام استعمال کریں اور بیج کے اگاؤ کی شرح 85فیصد سے کم نہیں ہونی چاہیے۔