فیصل آباد ۔ 08 مئی (اے پی پی):فیصل آباد میں اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے ریڈ کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے تھانہ باہلک میں تعینات انچارج انویسٹی گیشن سب انسپکٹر احمد رضا شہید ہوگئے۔سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس تھانہ باہلک میں تعینات انچارج انویسٹی گیشن سب انسپکٹر احمد رضانے تھانہ باہلک کے چک نمبر 607 گ ب میں اشتہاریوں کی موجودگی کی اطلاع پر ریڈ کیا تودوران ریڈاشتہاری ملزمان اظہر اور رؤف وغیرہ نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
اس دوران سب انسپکٹر احمد رضا کو فائر لگ گیا جس سے وہ مضروب ہوگئے اور موقع پرہی جام شہادت نوش کر گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن ناصر محمود باجوہ، ایس پی صدرودیگر اعلیٰ پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اورملزمان کی گرفتاری کیلئے شہر بھر میں ناکہ بندی کروا دی گئی جبکہ ریڈز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دریں اثناسی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے واقعہ کافوری سختی سے نوٹس لیتے پوئے رپورٹ طلب اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیدیا ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن ناصر محمود باجوہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گااور انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594327