23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںفیصل کریم کنڈی سے جے یو پی کے وفد کی ملاقات،خیبرپختونخوااور بلوچستان...

فیصل کریم کنڈی سے جے یو پی کے وفد کی ملاقات،خیبرپختونخوااور بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جمعیت علمائے پاکستان (جے یو پی)کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران خیبر پختونخواو بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور سیاسی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔بدھ کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شر پسند عناصر خطے میں امن خراب کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی پیرا ملٹری فورس اور پولیس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیاں قابل قدر ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز نے امن کی بحالی کے لیےبے مثال قربانیاں دی ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے امن کی بحالی کے لیے سیاسی جماعتوں اور عوام کے ساتھ بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔

- Advertisement -

انہوں نےدہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر زوردیا اور کہا کہ دہشت گردی بڑا مسئلہ ہے، اس کے خاتمے کے لیے تمام جماعتوں اور کمیونیٹیز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے پاکستان کی سیاسی حمایت اور امن کی کوششوں کی تاریخ کو تسلیم کیا جاتا ہے، جو تعاون جاری رکھنے کے امکانات کی نشاندہی کرتی ہے۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ مسلسل اتحاد کی امید ظاہر کی جو پائیدار تعاون اور اجتماعی پیشرفت کی خواہش کی نشاندہی کرتی ہے۔علاقائی عدم استحکام کے حوالے سےبات کرتے ہوئے گورنر نے افغانستان کے طویل تنازع کے اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا جنگ سے متاثرہ ہمسایہ ملک کے قریب ہونے کی وجہ سے دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے دوران جو اسلحہ چھوڑا گیا ، وہ دہشت گرد ہمارے ملک میں امن کو خراب کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے پائیدار امن کو برقرار رکھنے کے لیے سیاسی عزم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون ضروری ی ہے۔

انہوں نے تمام جماعتوں سے ملک میں قیام امن کی کوششوں کی حمایت کے لیے اکٹھے ہونے کا مطالبہ کیا۔ایک سوال کے جواب میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے صوبے کو بچانے کی مہم شروع کی ہے ، بہت جلد آپ اس مہم میں بہت سے لوگوں کو حصہ لیتے ہوئے دیکھیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583178

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں