فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ میں دو کوارٹر فائنلز (کل)کھیلے جائیں گے

51

واشنگٹن۔3جولائی (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام امریکا میں جاری کلب ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں کل (جمعے کو) دو میچز کا فیصلہ ہوگا۔فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ میں فلومیننسے کلب ،الہلال کلب،پالمیراس کلب، چیلسی کلب،پیرس سینٹ جرمین کلب،بائرن میونخ کلب، ریال میڈرڈکلب اور بوروسیا ڈورٹمنڈ کلب کی ٹیمیں کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ چکی ہیں۔ عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے میچز کا سلسلہ امریکا میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

کلب ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل رائونڈ 4جولائی سے شروع ہوگا اور پہلا کوارٹر فائنل میچ کل جمعے کو برازیل کے فلومیننسے کلب اورسعودی عرب کے الہلال کلب کی ٹیموں کے درمیان کیمپنگ ورلڈ سٹیڈیم، اورلینڈو کے مقام پر کھیلا جائے گا،پہلے کوارٹر فائنل میچ میں نیدرلینڈز کے ڈینی میکلی ریفری ہوں گے۔اسی روز دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں برازیل کے پالمیراس کلب اور انگلینڈ کے چیلسی کلب کی ٹیمیں لنکن فنانشل فیلڈ، فلاڈیلفیامیں پنجہ آزمائی کریں گی ،دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریلین علیرضا فغانی ریفری ہوں گے۔

میگا ایونٹ کا تیسرا اور چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میچ 5جولائی کو کھیلا جائے گا۔دونوں سیمی فائنل 8 اور 9 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ 14جون سے شروع ہونے والا کلب فٹ بال ورلڈ کپ کا 21 واں ایڈیشن 13جولائی کو ایسٹ ردرفورڈمیں کھیلے جانے والے فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہو گا۔