دوحہ۔22نومبر (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2022ءمیں عالمی نمبر 51 سعودی عرب نے دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن اور ٹائٹل فیورٹ ارجنٹائن کو سنسنی خیزمقابلے کے بعدایک کے مقابلے میں دو گولز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا، یہ فیفا ورلڈکپ ٹورنامنٹس کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہے۔
منگل کو قطر میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں سعودی عرب نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل فیورٹ ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے ہرا کر تاریخی کامیابی اپنے نام کی، پہلے ہاف کے دسویں منٹ میں لائنل میسی نے شاندار گول کر کے ارجنٹائن کو سعودی عرب کے خلاف1-0گول کی برتری دلائی، اس کے بعد ارجنٹائن کے اسٹرائیکرز نے تین بار فٹ بال کو جال میں پہنچایا تاہم آف سائیڈ ہونے کی وجہ سے تینوں گولز کو ریفری نے مسترد کر دیا،
اسطرح ارجنٹائن کی یہ برتری پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے تیسرے ہی منٹ میں سعودی عرب کے صالح الشہری نے شاندار گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا، پانچ منٹ بعد ہی سعودی عرب کے اسٹرائیکر سلیم الداسری نے عمدہ گول کر کے ٹیم کو ارجنٹائن کے خلاف 2-1گولز کی برتری دلا دی، ارجنٹائن کے اسٹرائیکرز نے مقابلہ برابر کرنے کیلئے حریف ٹیم کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم سعودی عرب کے مضبوط دفاع اورگول کیپرنے ان کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا،
اسطرح سعودی عرب نے ارجنٹائن کو 2-1گولز سے ہرا کر شاندار کامیابی اپنے نام کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ تین فیفا ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں ارجنٹائن کو شکست دینے والی ٹیموں جرمنی نے 2014ءاور فرانس نے 2018ءمیں عالمی ٹائٹلز اپنے نام کئے تھے جبکہ کروشیا نے 2018ءمیں فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔