37.1 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںفیلڈ مارشل کا اعزاز سپہ سالار کی بہادری کا تحفہ : بھارت...

فیلڈ مارشل کا اعزاز سپہ سالار کی بہادری کا تحفہ : بھارت کو حربی اور سفارتی محاذ پر شکست اٹھانا پڑی،راجہ محمد فاروق حیدر خان

- Advertisement -

مظفر آباد۔ 21 مئی (اے پی پی):سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز قوم کی جانب سے سپہ سالار کی بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرنے پر تحفہ ہے ۔ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کے مکروہ واقعات میں ملوث ہے، یہاں کے شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کرارہا ہے سندھ میں نظامانی صاحب کا قتل کرایا گیا، پاکستان سے شکست کے بعد بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی میں قراردادوں پر اظہار خیال کرتے ہوے کیا۔ راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہاکہ بھارت کی فوج بی جے پی کے انتہا پسندوں کا مرکز ہے، گائے کا بچھڑا بھی اس کا دودھ پیتا ہے پیشاب نہیں پیتا، بھارت کا وزیراعظم متعصب ہندو ہے، بھارت کے ساتھ جنگ میں اس وقت کے جنرل عاصم منیر اور آج کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں شاندار کامیابی حاصل کی ،پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیربابر سدھو کو توسیع ملنے پر بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ پوری قوم کی خواہش تھی۔

پاک بحریہ بھی مستعد رہی، بھارت کا بحری بیڑہ قریب نہیں آیا اگر آتا تو اس کا بھی بندوبست کیا ہوا تھا۔ انہوں نے کہاکہ دشمن کو اس کی توقع سے بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا، بھار ت اس کے اعداد و شمار نہیں پیش کرسکتا،انہوں نے کہاکہ اس جنگ نے حکمت عملی ہی تبدیل کردی ہے۔آپریشن بنیان المرصوص مربوط حکمت عملی کے تحت کیا گیا۔ بھارت کو حربی اور سفارتی محاذ پر شکست اٹھانا پڑی۔ بھارت کی فوج میں انتہا پسند ہیں جنہوں نے مساجد کو نشانہ بنایا، پاکستان نے کسی بھی مذہبی مقام کو نشانہ نہیں بنایا۔پہلگام کاڈرامہ سارا خود بھارت نے کیا ہے۔آرمڈ کنفلکٹ اور سفارت کاری میں پاکستان نے فتح حاصل کی پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ،سواے اسرائیل کے کسی نے بھی بھارت کا ساتھ نہیں دیا۔انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ 10 مئی کو یوم فتح ہر سال منائیں گے۔ہمیں یقین ہے اب کشمیر کا معاملہ آگے بڑھے گا۔ سندھ طاس معاہدے کے تینوں دریا کشمیر سے نکلتے ہیں۔

- Advertisement -

ہم یہ چاہتے ہیں کہ وسیع البنیاد مذاکرات ہوں جن سے پہلے بھارت انتہا پسندانہ توسیع پسندانہ سوچ ترک کرے اور علاقے کی چوکیداری اور کھڑپینچی کا خیال دل سے نکالے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے بیرون ممالک میں جو وفد بھیجا نہایت بہترین کاوش ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599978

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں