23.2 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومتازہ ترینقائد اعظم نے نوجوانوں کو قوم کا معمار قرار دیتے ہوئے ان...

قائد اعظم نے نوجوانوں کو قوم کا معمار قرار دیتے ہوئے ان کو تعلیم، محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ قوم کی خدمت کرنے کی تلقین کی تھی،نوابزادہ جمال خان رئیسانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے نوجوان رہنما و ایم این اےنوابزادہ جمال خان رئیسانی نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے اس وژن کو یاد کرنے کی ضرورت ہے جس نے ہمیں ایک آزاد مملکت عطا کی،آج کے دن ہمیں عظیم قربانیوں کو یاد کرنا ہے جو ہمارے بزرگوں نے اس وطن کے لیے دیں، خاص طور پر قائد اعظم کے اس پیغام کو اپنانا ہے جو انہوں نے نوجوانوں کے بارے میں دیا تھا،قائد اعظم نے نوجوانوں کو اس قوم کا معمار قرار دیتے ہوئے ان پر زور دیا تھا کہ وہ تعلیم، محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ قوم کی خدمت کریں۔

نوابزادہ جمال خان رئیسانی( جنہوں نے اپنے والد اور ان کے 300 ساتھیوں کو دہشتگردی کے حملے میں کھویاتھا )کا کہنا تھا کہ میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے اس نظریے پر یقین رکھتا ہوں کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے جمہوریت، انصاف، اور مساوات کو مضبوط کرنا ہے تاکہ ہم اپنے شہیدوں کے خوابوں کو پورا کر سکیں۔نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار ہماری نوجوان نسل کی صلاحیتوں اور ان کے مثبت کردار پر ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم تعلیم اور ہنر میں آگے بڑھیں تاکہ ہم اپنے ملک کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنا سکیں۔

- Advertisement -

نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے قوم سے اپیل کی کہ آئیں ہم سب مل کر قائد اعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہوں اور اپنے وطن کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں، ہمارے شہیدوں کی قربانیاں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ آزادی کی حفاظت اور ترقی کا راستہ ہماری مشترکہ کوششوں میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا روشن مستقبل ہمارے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہماری نوجوان نسل اس چیلنج کو قبول کر کے ملک کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=493463

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں