قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا پانچواں رائونڈ کل سے شروع ہو گا، 4 رائونڈ مکمل ہونے کے بعد ناردرن 68 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست

262

راولپنڈی۔20اکتوبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ 23-2022 کے پانچواں مرحلے کا آغاز کل (جمعہ سے)شروع ہو گا، سندھ کی ٹیم بلوچستان، سینٹرل پنجاب کی ٹیم سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹیم ناردرن سے مدمقابل ہو گی۔ پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، میگا ایونٹ کا پانچواں مرحلہ کل بروز جمعہ سے شروع ہو رہا ہے۔

ٹورنامنٹ کے 13 ویں میچ میں سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ خیبرپختونخوا اور ناردرن کی ٹیمیں ایبٹ آباد سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، اب تک کے مقابلوں میں ناردرن کی ٹیم 68 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔قائد اعظم ٹرافی 23-2022 کے 4 رائونڈ مکمل ہونے کے بعد ناردرن کی ٹیم 68 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

سندھ دوسرے اور سینٹرل پنجاب تیسرے نمبر پر ہے۔ ناردرن کی ٹیم نے اب تک ہونے والے مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ چار میں سے دو میچ جیت کر68 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ۔ سندھ نے چار میچ کھیل کر ایک میں کامیابی حاصل کی اور تین میچ ڈرا کھیلے، اس طرح وہ 51 پوائنٹس کے ساتھے دوسرے نمبر پر ہے، سینٹرل پنجاب نے چاروں میچ ڈرا کھیلے اور وہ 50 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، بلوچستان 42 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، سدرن پنجاب 38 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور خیبرپختونخوا 28 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔