راولپنڈی۔21نومبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے میچوں کے تیسرے دن چار میچوں کا فیصلہ ہو گیا ، فاٹا نے لاہور بلوز ، لاہور وائٹس نے لاڑکانہ، کوئٹہ نے ڈیرہ مراد جمالی اور ملتان نے آزاد جموں کشمیر کو شکست دے دی ، پی سی بی کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق گوہاٹی اسٹیڈیم میں لاہور بلوز کی ٹیم فاٹا کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 120 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، آفاق آفریدی نے تباہ کن بائولنگ کی اور 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، فاٹا کو جیت کے لیے 178 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد عثمان نے ناقابل شکست 57 رنز بنائے ، چاروں وکٹیں محمد عباس نے حاصل کیں، مرغزار گراؤنڈ میں لاڑکانہ کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف دوسری اننگز میں 258 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اکبرالرحمن 59 اور محسن رضا 58 رنز بنا کر نمایاں رہے ، محمد سلمان نے چار اور عبید شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں ، لاہور وائٹس کو جیت کے لیے 123 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، عمران ڈوگر نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، میرپور اسٹیڈیم میں سیالکوٹ کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، محمد ولید نے 75 رنز بنائے، تابش خان نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 7 وکٹیں حاصل کیں، کراچی بلوز نے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 214 رنز بنا لیے ، سیف اللہ بنگش 103 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، محمد علی اور شعیب اختر نے چار ، چار وکٹیں حاصل کیں،
نیشنل گراؤنڈ میں فیصل آباد کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 346 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اویس ظفر نے 145 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ، محمد کاشف 98 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹر رہے ، موسیٰ خان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، اسلام آباد نے 396 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں پر 136 رنز بنا لیے، علی تاج 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں کراچی وائٹس کو بہاولپور کے خلاف جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف ملا ، اس نے کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 7 رنز بنا لیے، اس سے قبل بہاولپور نے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 266 رنز بنائے تھے، علی حمزہ 65، محمد شہریار 53 اور عابد علی 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اشفاق گراؤنڈ میں آزاد جموں کشمیر کی ٹیم ملتان کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 168رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے اننگز اور 112 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ، اویس اکرم 74 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ، محمد اسماعیل نے 5 وکٹیں حاصل کیں، ڈائمنڈ گراؤنڈ میں ایبٹ آباد نے حیدرآباد کے خلاف دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 365 رنز بنا لیے ، محمد عارف 96، خیام خان 63 اور شہاب خان 57 رنز بنا کر نمایاں رہے ، شہریار بلوچ نے 5 وکٹیں حاصل کیں،
ریلوے گراؤنڈ میں کوئٹہ کی ٹیم ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، بسم اللہ خان نے 166 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، دانش عزیز نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم دوسری اننگز میں 169 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور اسے اننگز اور 125 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ، داؤد خان 54 رنز بنا کر نمایاں رہے ، بختیار شاہ نے چار وکٹیں حاصل کیں، شعیب اختر اسٹیڈیم میں راولپنڈی کی ٹیم پشاور کے 393 رنز کے جواب میں 348 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، عاقب شاہ نے 105 رنز کی اننگز کھیلی، نیاز خان نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، پشاور کی ٹیم دوسری اننگز میں 195 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، معاذ صداقت نے 85 رنز بنائے ، مہران ممتاز نے 5 وکٹیں حاصل کیں، راولپنڈی کو میچ جیتنے کے لیے 241 رنز کا ہدف ملا، راولپنڈی نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 19 رنز بنا لیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=527871