قائمقام صدر و چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت

200
Sadiq Sanjrani
Sadiq Sanjrani

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):قائمقام صدر و چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس معاملے پر عالمی پارلیمانوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق قائمقام صدر و چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، اس واقعے سے تمام عالم اسلام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ۔

انہوں نے کہاکہ اظہار رائے کی آزادی کی آڑ میں دوسروں کے جذبات کو مجروح کرنے کی اجازت بالکل بھی نہیں دی جا سکتی ،ایسی نفرت انگیز حرکتیں بلاشبہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہیں ،عالمی برادری اس واقعے کا نوٹس لے اور ایسے واقعات کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کرے ۔ قائمقام صدر نے عالمی پارلیمانوں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ تمام عالمی پارلیمانوں کو خصوصی خط لکھوں گا ،عالمی پارلیمانوں کو بھی اپنا کر دار ادا کر نا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے ، عالم اسلام کی پارلیمانوں کو ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی تجویز دیتا ہوں،عالم اسلام کے بین الاقوامی فورمز پر بھی اس واقعے کی بھر پور مذمت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی پارلیمان ، حکومت اور عوام اس دلخراش واقعے پر شدید رنجیدہ ہیں ،سویڈن کی حکومت کو خود بھی اس واقعے پر فوری ایکشن لینا چاہیے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ اس قسم کی آزادی کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دی جا سکتی،تمام مذاہب ایک دوسرے کے احترام کا درس دیتے ہیں۔