30.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںقائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کاافواج پاکستان کو خراج تحسین اور...

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کاافواج پاکستان کو خراج تحسین اور جنگ بندی کا خیر مقدم

- Advertisement -

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری، بھارتی جارحیت کے خلاف غیر معمولی کارکردگی اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے پر دلی خراج تحسین پیش کیا ہے۔ہفتہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے نہ صرف ملک کی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ دنیا بھر میں اپنی عسکری مہارت اور جذبہ حب الوطنی کا لوہا بھی منوایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج پر بجا طور پر فخر کرتی ہے جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی دشمن کو مؤثر جواب دے کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار اور ان کی جراتمندانہ قیادت کو بھی سراہا جن کی بہتر حکمت عملی اور موثر کردار سے بھارت جنگ بندی پر تیار ہوا۔

- Advertisement -

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے ان برادر ممالک کا بھی دل کی اتھا گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کیا پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور پوری قوم کو افواج پاکستان پر فخر ہے۔قائم چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ، بحریہ اور تمام فورسز نے جس ثابت قدمی اور جرات مندی کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے اپنی پیشہ وارانہ مہارتوں صلاحیتوں کا دنیا بھر لوہا منوا لیا ہے۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے سیز فائر کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پوری قوم کو اس اہم پیش رفت پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور سیاسی و عسکری قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی اور قومی اتحاد کی بدولت یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے، جس پر پوری قوم شکر گزار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں، اداروں اور قوم نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران یک زبان ہو کر قومی مفاد کا ساتھ دیا اور اپنی ذمہ داری کا ثبوت دیا، جو کہ قابل تحسین اور قابل تقلید عمل ہے۔

سیدال خان نے کہا کہ جب قوم اور ادارے متحد ہوں تو ہر مشکل کو آسان اور دشمن کی ہر چال کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں، ریاستی ادارے اور قوم اسی جذبے، اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنی افواج، سیاسی قیادت، سفارتی حکمت عملی اور پوری قوم پر فخر ہے جنہوں نے محاذ پر، مذاکرات میں اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف جرات مندی اور حکمت سے پیش کیا۔

سیدال خان نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین، تمام ریاستی و عسکری اداروں کے سربراہان اور پوری قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانفشانی، جرات مندانہ فیصلوں اور بہترین حکمت عملی کے باعث یہ کامیابی ممکن ہوئی کہ پاکستان اور بھارت دونوں سیز فائر کے لیے آمادہ ہو گئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595465

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں