مدینہ منورہ ۔28جون (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ اور تبوک میں قتل اور منشیات سمگلنگ کے جرائم میں ملوث ایک شہری اورغیرملکی کو سزائے موت دے دی گئی۔ایس پی اےکے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ مدینہ منورہ میں سعودی شہری سامر الرفاعی نے اپنے ہم وطن ثامر بن احمد بن عبداللہ السنانی پر تیز دھار آلے سے وار کیا جس سے وہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔
ملزم سے تحقیقات کے بعد اسے عدالت کے حوالے کردیا گیا جہاں تمام ثبوت اور اعتراف کے بعد عدالت نے سامر الرفاعی کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت دینے کا فیصلہ جاری کیا۔دوسری جانب وزارت داخلہ کے مطابق تبوک میں مصری شہری علاء فتحی عطیہ الحفناوی کو نشہ آور گولیاں مملکت میں سمگل کرنے پر سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کیا۔ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں شواہد اور اقبال جرم پر عدالت نے مملکت کے قانون کے مطابق اسے سزائے موت کا حکم سنایا۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے ابتدائی فیصلہ برقرار رکھا بعدازاں شاہی فرمان جاری ہونے پر گزشتہ روز سزا کا نفاذ کردیا گیا۔سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مملکت میں منشیات فروشی سنگین جرم ہے۔ نشہ آور اشیا کی سمگلنگ میں ملوث مجرموں کے لیے موت کی سزا مقرر ہے۔