قرآن پاک کی تعظیم کو سختی سے ممکن بنایاجائے، قران حکیم کے کسی نسخے یااقتباس کی جان بوجھ کر بے حرمتی کی سزا عمر قید ہے، وفاقی حکومت کی اخبارات اور رسائل کو ہدایت

171
Ministry of Information and Broadcasting
Ministry of Information and Broadcasting

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وفاقی حکومت نے اخبارات اور رسائل کو ہدایت کی ہے کہ قرآن پاک کی تعظیم کو سختی سے ممکن بنایاجائے، قران حکیم کے کسی نسخے یااقتباس کی جان بوجھ کر بے حرمتی کی سزا عمر قید ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے پبلیکیشنز کو لکھے گئے خط میں کہا ہےکہ اخبارات میں شائع ہونے کےبعد قرآنی آیات اور ان کے تراجم کی بے حرمتی ہوتی ہے جو انتہائی افسوس ناک امر ہے اور یہ عمل قرآن مجید کی بےحرمتی سے متعلق جرائم کے بارے میں موجودہ قوانین کی خلاف ورزی بھی ہے۔

پاکستان پینل کوڈ 295 بی کی شق XV کا حوالہ دیتے ہوئے خط میں کہاگیاہے کہ قرآن پاک کے نسخے یااس کے کسی بھی اقتباس کی جان بوجھ کر بے حرمتی کرنا یااسے کسی توہین آمیز طریقے یاکسی غیر قانونی مقصد کے لئے استعمال کرناجرم ہےجس کی سز ا عمر قید ہے۔ وزارت اطلاعات نے اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی ہے کہ اخبارات اور رسائل میں قرآن پاک اور احادیث نبویؐ کی حرمت ، مقدس ہستیوں کے اسماء اور مقدس مقامات کی تصاویر کے تحفظ کے حوالے سےرہنما اصول جاری کئے جائیں جس کے جواب میں اسلامی نظریاتی کونسل جو ایک آئینی ادارہ ہونے کے ساتھ ساتھ حکومت اور پارلیمنٹ کو اسلامی مسائل پر قانونی مشورہ دینے کا ذمہ دار ادارہ ہے ، نے دلیل دی ہے کہ اشتہارات میں قرآنی آیات اور مقدس ناموں کو شائع کرنے میں کوئی حرج نہیں کیونکہ اس کامقصد عوام تک معلومات کو پہنچانا ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اخبارات اور اشہارات میں شائع ہونے والے مقدس مواد کی تعظیم کو یقینی بنانے اور عوام کو آگاہ کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ اس ضمن میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس)، کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ اجلاس منعقد کئے تاکہ میڈیا نمائندوں کو اس حوالے سے آگاہ کیاجاسکے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے رہنما اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے وزارت اطلاعات نے تمام اخبارات اور رسائل کو ہدایت کی ہے کہ وہ اخبارات اور رسائل میں مقدس صحیفوں اور مقدس مواد کے تحفظ اور احترام کو یقینی بنائیں۔