اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے )نے عیدالاضحیٰ کے پر مسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد کے ساتھ ساتھ خصوصی درخواست کی ہے کہ تمام اہلیان وطن قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور فضلہ کھلے علاقوں بالخصوص ایئرپورٹ کے اطراف پھیلانے سے گریز کریں ۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان نے عید الاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کے بعد قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ آلائشوں پر منڈلانے والے پرندے جہازوں کے "ٹیک آف” اور "لینڈنگ” کے وقت سنگین حادثات کا سبب بنتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پرندے ٹکرانے سے نہ صرف جہازوں کو بیش قیمت نقصان پہنچتاہے بلکہ ساتھ ساتھ انسانی جانوں کے ضیاع کا بھی باعث بن سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ قربانی کے بعد ہلکی سے کوتاہی یا عدم توجہی کہیں ناقابل تلافی نقصان کی وجہ نہ بن جائے اس لئے مکمل احتیاط سے کام کیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد ایک باشعور اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دے، یہی ترقی پسند قوموں کی روش ہوتی ہے ۔