قصور۔ 08 اپریل (اے پی پی):فٹ پاتھ مافیا، غیرقانونی بینرز اور تھڑوں کے خلاف بڑاے آپریشن کے دوران آٹھ دکانیں سیل کر کےسڑکیں کشادہ کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کے احکامات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اوراسسٹنٹ کمشنر قصور کی زیرِ قیادت پرانا لاری اڈا روڈ پر فٹ پاتھ مافیا، غیر قانونی بینرز اور تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔
پرانا لاری اڈا روڈ پر موٹرسائیکل مافیا نے فٹ پاتھوں پر قبضہ جما رکھا تھا، جس کے باعث پیدل چلنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا تھا جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی تھی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے آٹھ دکانوں کو سیل کر دیا اور فٹ پاتھوں سے تمام تجاوزات ہٹا دی گئیں۔اس کے ساتھ ساتھ سڑک کنارے بنے تھڑوں کو بھی بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا، جس سے سڑکیں مزید کشادہ ہو گئیں اور ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئی۔
علاوہ ازیں، کھمبوں پر لگے غیر قانونی بورڈز اور سڑکوں پر آویزاں بینرز بھی ہٹا دیے گئے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہر کی خوبصورتی بحال کرنے اور شہریوں کے لیے سہولت پیدا کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف یہ کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579374