لاہور۔24ستمبر (اے پی پی):شیخوپورہ کے علاقہ قلعہ ستار شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب اتوار کے روز مسافر ٹرین میانوالی ایکسپریس ٹریک پر کھڑی مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں20افراد زخمی ہوگئے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے قلعہ ستار شاہ کے قریب میانوالی سے لاہور آنے والی میانوالی ایکسپریس کا پٹڑی پر کھڑی مال بردار گاڑی سے تصادم ہو گیاجس کے نتیجہ میں خواتین اور بچوں سمیت20 افراد زخمی ہوگئے،حادثے سے مسافر ٹرین کی4بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر ریسکیو کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے کے بعد ٹریک صبح 7:30بجے کلیئر کردیا گیا تھا اور میانوالی ایکسپریس کو بھی منزل کیلئے روانہ کردیا گیا ۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتال شیخوپورہ منتقل کر دیا گیا ہے ۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرین کا کانٹا تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، اکثر لوگ سو رہے تھے کہ اچانک حادثہ پیش آنے پر ہر طرف شور مچ گیا ،دوسری جانب ریلوے حکام نے غفلت پر4 اہلکاروں کو فوری معطل کر دیا ہے ۔ ریلوے ترجمان کے مطابق وزارت ریلوے کی ہدایت پر ڈپٹی پرنسپل افسران کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے
جو24گھنٹے میں اپنی رپورٹ چیئرمین ریلوے کو پیش کرے گی۔ چیئرمن ریلوے مظہر علی شاہ نے کہا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی جبکہ سی ای او ریلوے شاہد عزیز نے کہا ہے کہ مسافروں اور ریلوے املاک کی سیفٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔