قومی احتساب بیورو کی سب سے زیادہ توجہ بڑے پیمانے پر دھوکے باز کمپنیوں اور سرکاری ملازمین کی طرف سے سرکاری فنڈز میں خورد برد پر مرکوز ہے، چیئرمین

130
APP19-10 ISLAMABAD: March 10 – Qamar Zaman Chaudhry, Chairman NAB chairing progress review meeting at NAB Headquarters. APP

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب )کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب ترجیحی بنیادوں پر بلاامتیاز بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، نیب نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ملک بھرکے سکولوں کالجوں میں کردارسازی کی انجمنوں کی تعداد 50ہزار تک پہنچانے کا عزم کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹرز میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر اپنے قومی فریضہ کی ادائیگی کی رفتار تیز کر دی ہے۔ انہوں نے نیب افسران پر زور دیا کہ بدعنوان عناصر کو پکڑنے اور ان سے معصوم شہریوں کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے اور قومی خزانہ میں جمع کرانے کیلئے اپنی کوششوں کو دوگنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ نے اپنی مدت کے دوران صرف اڑھائی سال میں 45 ارب روپے کی لوٹی ہوئی رقوم برآمد کرائیں اور قومی خزانہ میں جمع کرائیں جو نیب کی ایک قابل ذکر کامیابی ہے۔