33.8 C
Islamabad
پیر, مئی 19, 2025
ہومقومی خبریںقومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کا وطن کے چپہ چپہ کے...

قومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کا وطن کے چپہ چپہ کے دفاع کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار

- Advertisement -

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں نے وطن کے چپہ چپہ کے دفاع کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا گیا جس کے جواب میں اسے دھول چٹائی گئی،پاک فضائیہ نے کمال بہادری سے 5 جہاز مار گرائے،بھارتی جارحیت پر اسے دوقدم آگے بڑھ کر اسی طرح منہ توڑ جواب دیا جانا چاہیے۔

نماز جمعہ کے وقفہ کے بعد اجلاس صدر نشیں علی زاہد کی زیر صدارت شروع ہوا تو نیلسن عظیم نے بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ہم فوج اور عوام کی جذبے کی تعریف کرتے ہیں،اپنے ذاتی اور سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر پاکستان کی سالمیت اور اس کے تحفظ کے کام پر سب متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ میں زخمیوں کے علاج کے لئے مسیحیوں کے ہسپتالوں کی خدمات پیش کرتے ہیں،ہم ہر حالات میں ملک کے ساتھ ہیں۔

- Advertisement -

ہمیں ملک پاکستان کی ضرورت اور ہم ملک پاکستان کے وجود کے ساتھ ہے،ہم حکومت کے بیانیہ اور فوج کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جنگی جہاز گرانے کے مشن کی قیادت ایک مسیحی پائلٹ نے کی، ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ صوبیہ نے کہا کہ گجرات کے قصائی کو پاک افواج نے منہ توڑ جواب دیا ہے،ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن جارحیت کی صورت میں ہم تیار ہیں

۔پوری قوم پاکستان کے دشمن ملک کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہوجائے۔حکومت سفارتی محاذوں پر موثر کردار ادا کرے اور پارلیمانی وفود دنیا میں بھیجے جو بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لائیں۔یہ وقت ذاتی اختلاف کی بجائے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا ہے۔پاکستان کی عوام افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔شہرام خان ترکئی نے کہا کہ انڈیا کا اس خطے میں خونی کردار ہے،مودی آرایس ایس کا تربیت یافتہ ہے جو خون خرابہ چاہتا ہے،ہم مودی کی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔

یہ ملک ہمارا ہے اور اس کا دفاع ہمارا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری پاک فضائیہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے، اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔مسلم لیگ ن کے رکن ملک ابرار احمد نے کہا کہ پہلگام واقعہ میں پاکستان کی عالمی سطح کی تحقیقات کے پیشکش کے بعد مودی نے اپنا مکروہ چہرہ چھپانے کے لئے پاکستان پر حملہ کیا۔پاکستان امن چاہتا ہے لیکن جو بھارت کررہا ہے پاکستان اس کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے،مسلح افواج اور قومی قیادت بھارت کی جارحیت کو منہ توڑ جواب دینے پر متحد ہے۔پاکستان میں جہاں دہشت گردی ہورہی ہے اس میں انڈیا ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے ہم سب متحد ہیں،پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، آئندہ بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔پاکستان کی اقلیتیں ہمارا حصہ ہیں ہم ان کو گلے لگائیں گے اور اپنے سے بڑھ کر ان کا خیال رکھیں گے۔ایم کیو ایم کے رکن عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان لازوال قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا یہ ملک تاقیامت قائم رہے گا۔پہلگام منصوبہ کے بعد پاکستان پر حملہ کا ہماری افواج نے منہ توڑ جواب دیا اور آئندہ بھی انہیں شکست فاش ملے گی۔

پاکستان کی اقلیتیں برابر کے پاکستانی اور ان کے حقوق مساوی ہیں،کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔پی ٹی آئی کے رکن مبین عارف نے کہا کہ پہلگام واقعہ افسوسناک ہے،پاکستان گزشتہ پچیس سال سے دہشت گردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے اور یہ کیسے ممکن ہے جو ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ کررہا ہےوہ خطے میں دہشت گردی کو فروغ دے۔

انڈیا کافی عرصہ سے ہر واقعہ کا الزام پاکستان پر عائد کرتا ہے۔انہوں نے اس واقعہ کی آڑ میں آبی دہشت گردی کی،پھر مساجد کو نشانہ بنایا،ہمارے سویلین کو نشانہ بنایا،ہم اپنے سرزمین پر جارحیت کا منہ توڑ جواب دوں گا،قوم آج یکجا ہے،انڈیا کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے۔فتح اللہ خان نے کہا کہ ملک پر انڈین حملہ کے بعد تمام سیاسی جماعتیں یکجان ہوکر انڈیا کی مذمت کررہی ہیں،یہ ایوان پاکستان کے عوام کی حمیت اور دفاعی شعور کا ترجمان ہے،انڈیا نے اپنا بزدلانہ کردار پھر باور کرایا ہے تاہم ان پر واضح کرتے ہیں کہ پاکستان ان کے گھمنڈ کو مٹی میں ملانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انوار الحق چوہدری نے کہا کہ مودی کے ناپاک عزائم کا پاکستان فوج نے منہ توڑ جواب دیا ہے،مودی کے ناپاک عزائم کو ہم خاک میں ملانے کے لئے ہم پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع گورداسپور کی تقسیم میں پٹھانکوٹ انڈیا کو دیا گیا۔جو ایک سازش تھی اور کشمیر کو ہڑپ کرنے کے لئے یہ اقدام اٹھایا گیا آج ہمارے پاس وقت ہے کہ قیام پاکستان کی تقسیم کے ایجنڈے کو مکمل کریں۔یہ ایک سنہری موقع ہے کہ ہمیں اس موقع کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594894

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں