قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا دوسرا اجلاس،وزارت قانون اور اس سے منسلک محکموں کے کام کے بارے میں بریفنگ

108

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا دوسرا اجلاس منگل کو چوہدری محمود بشیر ورک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ کمیٹی کو وزارت قانون و انصاف اور اس سے منسلک محکموں کے کام کے بارے میں بریفنگ دی گئی تاہم وقت کی کمی کے باعث کمیٹی نے بریفنگ کو موخر کر دیا۔ کمیٹی نے سول کورٹس (ترمیمی) بل 2024 پر غور کیا۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے متفقہ طور پر سفارش کی کہ پیش کیا گیا بل اسمبلی سے منظور کرایا جائے۔ کمیٹی نے لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی (ترمیمی) بل 2024 (سرکاری بل)، قومی احتساب (ترمیمی) بل 2024، (آرڈیننس نمبر VI آف 2024) (سرکاری بل )،آئینی ترمیمی بل پر غور کیا۔ ترمیمی بل 2024 (آرٹیکل 25) رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی طرف سے پیش کیا گیا۔ آئین (ترمیمی) بل 2024 (آرٹیکل 51 اور 106)ایم این اے نوید عامر جیوا نے پیش کیا۔

کمیٹی نے تفصیلی بحث کے بعد اسے موخر کر دیا۔اجلاس میں ایم این اے چنگیز احمد خان، رانا محمد قاسم نون، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، سید ابرار علی شاہ، وجیہہ قمر، زہرہ ودود فاطمی، گوہر علی خان، علی محمد خان، عمیر خان نیازی، سردار محمد لطیف خان کھوسہ، ممتاز مصطفی، سید حفیظ الدین، نوید عامر جیوا، وزیر قانون و انصاف اور سیکرٹری وزارت قانون و انصاف سمیت عملہ نے شرکت کی۔