قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی ( ایکنک ) کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت منعقد

165

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی ( ایکنک ) کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ہوا جس میں 339ارب روپے سے زائد مالیت کے مواصلات اور تعلیم کے تین میگامنصوبوں کی منظوری دی گئی جمعہ کو ہونے والے ایکنک کے اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، خیبرپختونخواہ کے وزیر خزانہ تیمور خان جھگڑا اور دیگر اعلیٰ حکام شر یک ہوئے ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے ویڈیو لنک کےذریعے شرکت کی ،ایکنک نے خیبرپختونخوا حکومت کے منصوبے دیر موٹر وے کی منظوری دی ، 38ارب 99کروڑر وپے مالیت کے اس منصوبے کو خیبرپختونخوا ہائیوے اتھارٹی مکمل کرے گی ،

تقریباً 30کلومیٹر طویل چاررویہ موٹر وے چکدرہ سے شروع ہوگی اور ضلع دیر میں رابط کے مقام پر اختتام پذیر ہوگی ، ایکنک نے 276ارب52کروڑ94لاکھ روپے مالیت کے پشاور تا ڈی آئی خان موٹروے منصوبے کی بھی منظوری دی ، 360کلومیٹر طویل چھ رویہ یہ موٹروے خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی مکمل کر ے گی یہ موٹر وے کوہاٹ ، ہنگو، کرک ، بنو ، لکی مروت ، ٹانک سے ہوتی ہوئی ڈیرہ اسماعیل خان تک جائے گی ،

ان دونوں منصوبوں کی تکمیل سے ان علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات کےساتھ سیاحت اور تجارت کو فروغ حاصل ہوگاجسے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور مقامی آبادی مستفید ہوگی ، صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ کے پی حکومت موٹروے اور ایکسپریس وے کےذریعے علاقوں کو باہم منسلک کرنے کررہی ہے ،

ایکنک نے ان منصوبوں کا خیرمقدم کیاجن سے سیاحت اور تجارت کو فروغ حاصل ہوگا، علاوہ ازیں ایکنک نے پاکستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے منصوبے کی منظوری دی ،

اس منصوبے کی مجموعی لاگت 23ارب54کروڑر وپے ہے ، ریسرچ یونیورسٹی کے تحت سٹیٹ آف آرٹ ٹیکنالوجی پارک ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سینٹر آف ایکسینلس قائم کیے جائیں گے، اس یونیورسٹی کے قیام سے جدید ٹیکنالوجی سے طلبا کو تریبت کو فراہمی ، انڈسٹری اور اکیڈیمیا کے مابین رابطے اور معیاری تعلیم فراہم ہوگی ۔