اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):قومی باکسنگ ٹیم کے ہیڈ کوچ ارشد حسین نے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں پاکستانی باکسر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور قومی ٹیم کے کھلاڑی ایشین گیمز میں شرکت کے لئے کل( منگل کو) چین روانہ ہو نگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ باکسنگ کا دستہ چار کھلاڑیوں اور دو آفیشلز پر مشتمل ہوگا۔ کھلاڑیوں میں تین مرد اور ایک خاتون باکسر شامل ہیں۔ مرد باکسر میں زوہیب رشید، محمد قاسم اور ابراہیم جبکہ خاتون باکسر فاطمہ زہرہ شامل ہیں۔
ٹیم کے ہمراہ کوچنگ کے فرائض اولمپین ارشد حسین دیں گے اور ٹیم منیجر محمود ریاض لغاری ہونگے۔ ایشین گیمز میں باکسنگ کے ایونٹ میں 45 ممالک کے باکسرز حصہ لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں تین ماہ تک تربیت حاصل کر رکھی ہے اور امید ہے کہ ایشین گیمز میں کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں شرکت کے بعد باکسنگ کا دستہ 3 اکتوبر کو واپس وطن پہنچے گا۔