اسلام آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی) 22 رکنی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم سری لنکا پہنچ گئی۔ قومی ٹیم اپنے دورہ کے دوران سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گی ۔ سری لنکا پہنچنے پر ٹیم کا سری لنکن بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری چمندا پشپا نے دیگر آفیشلز کے ہمراہ پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان پہلا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ (آج) جمعرات کو کھیلاجائے گا۔ بدھ کو پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے چےئرمین سیّد سلطان شاہ نے بتایا کہ پاکستان اور سری لنکا کی بلائنڈ ٹیموں کے مابین 3 ٹی 20 اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کھیلی جائے گی۔ سیریز کےلئے پاکستان کی ٹیم 15 کھلاڑی اور 7 آفیشلز پر مشتمل ہے۔ کھلاڑیوں میں قومی ٹیم کی قیادت نثار علی کریں گے ۔ کھلاڑیوں میں بی ون کیٹیگری میں ریاست خان، ظفر اقبال، ساجد نواز، فخر عباس، شفیع اللہ۔ بی ٹو کیٹیگری میں نثار علی (کپتان) بدر منیر، مطیع اللہ، معین علی، ایوب خان، شاہزیب حیدر شامل ہیں جبکہ بی تھری کیٹیگری میں محمد راشد، محمد اعجاز، محسن خان اور ثناءاللہ خان مروت کے نام شامل ہیں۔ ٹیم آفیشلز میں سیّد سلمان بخاری منیجر، محمد جمیل ہیڈ کوچ، ابرار شاہ اسسٹنٹ کوچ، مسعود جان ٹرینر، آصف عظیم میڈیا مینیجر، شہزاد احمد خان کوآرڈینیٹر اور ملک ابرار حسین تجزیہ نگار کے طور پر ٹیم کے ہمراہ ہیں۔ ایونٹ کی تیاری قومی کھلاڑیوں نے اوکاڑہ تربیتی کیمپ میں بھرپور تربیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا چناو¿ کھلاڑیوں کی حالیہ ڈومیسٹک ایونٹس کی کارکردگی، سیلکشن کیلئے کھیلے گئے ٹرائل میچز اور فزیکل فٹنس کو مدنظررکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز کےلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتحاب کیا گیا ہے امید ہے کہ قومی ٹیم سری لنکن ٹیم کو ان کی سر زمین پر شکست دیکر وطن واپس لوٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کی بلائنڈ ٹیموں کے مابین پہلا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ (آج) جمعرات کو بی آر سی کرکٹ گراﺅنڈ کولمبو میں کھیلاجائیگا۔ دوسرا میچ 22 فروری جبکہ تیسرا ایک روزہ میچ 25 فروری کو کولمبو میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ممالک کے مابین تین ٹی 20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائیگی جس میں دونوں ممالک کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 27 فروری صبح 10 بجے کولمبو میں کھیلا جائیگا۔ دوسرا ٹی 20 میچ 28 فروری جبکہ تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ یکم مارچ کو کولمبو بی آر سی کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلا جائے گا۔