اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اے پی پی) پاکستان جوڈو فیڈریشن کے زیراہتمام 26 ویں مینز اور 9 ویں ویمنز قومی جوڈو چیمپئن شپ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔ چیمپئن شپ (آج) بدھ سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے حمیدی ہال میں شروع ہو گی۔ پاکستان آرمی ایونٹس میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے چیئرمین کرنل (ر ) شجاعت علی رانا نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 15 ٹیمیں حصہ لیں گی جس میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان نیوی، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، فاٹا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ڈی ایچ اے کی ٹیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ انٹرنیشنل رولز کے مطابق مینز اینڈ ویمنز ٹیم ایونٹس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پہلے صرف انفرادی مقابلے منعقد کئے جاتے تھے۔ ایونٹس کے انفرادی مردوں کے مقابلوں میں -50کلو گرام ‘-55 ‘ -60 ‘ -66‘ -73‘ -81‘ -90‘ -100 ‘ پلس 100 اور اوپن کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ خواتین ایونٹس میں -40‘ -44 ‘-48‘ -52 ‘ -57‘ -63 ‘ -70 اور اوپن کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ ٹیم ایونٹ گرلز مقابلوں میں -52 ‘ -57‘ -63‘ -70 اور پلس کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ لڑکوں کے ٹیم ایونٹ میں -66‘ -73‘ -81‘ -90 اور پلس 90 کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ اس ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نیپال میں رواں سال دسمبر میں ہونے والے ساﺅتھ ایشین گیمز کی تیاری کےلئے تربیتی کیمپ کےلئے شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ چیمپئن شپ 4 مئی تک جاری رہے گی۔