اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹرشمشاداخترنے کہاہے کہ قومی معیشت کی ترقی اورنموکیلئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیرکویہاں خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز میں سہولیات و ترغیبات کے حوالہ سے ہونے والی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر آئی ٹی ڈاکٹرعمر سیف، وزیر اعظم کے مشیراحدچیمہ،سینیٹرافنان اللہ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون، چئیرمین ایف بی آر، چئیرمین ایس ٹی زیڈاے، چئیرمین سی ڈی اے اوروزارت خزانہ و ایف بی آرکے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز کے تقابلی ماڈل اورموجودہ خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز میں پیش رفت اورچیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔اجلاس میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز میں موجود سہولیات وترغیبات، ان کوفعال و موثر اور عصر حاضر کی ٹیکنالوجی کی ضروریات کے مطابق بنانے پر جامع اور مفصل گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 8 خصوصی ٹیکنالوجی زونز کا اعلان کیا گیا ہے جس میں سے 5 مکمل طور پر فعال ہیں۔اجلاس میں شرکاء نے اختراع، اقتصادی نمو اورٹیکنالوجی میں جدت کے مقاصد کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز و خصوصی اقتصادی زونز کو چلانے اوراس مقصد کیلئے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے حکمت عملیوں اور پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا۔
وزیر خزانہ نے قومی معیشت کی ترقی اور نمو کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز و خصوصی اقتصادی زونز کی کلیدی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو ٹیکنالوجی کی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کا مرکز بنانے میں پرعزم ہے تاہم اس کیلئے ہمیں ٹیکسوں میں چھوٹ دینے پر انحصار کرنے کی بجائے کاروبار اور سرمایہ کاری میں سہولت دینے پر توجہ دینا ہوگی۔انہوں نے امید ظاہر کی بات چیت اورسفارشات کے نتیجہ میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز و خصوصی اقتصادی زونز کو موثر اور فعال انداز میں چلانے میں مدد ملے گی۔